بلوچ عورت پر جبر کے خلاف امتیازی رد عمل

بلوچستان میں جبر کے صورتحال کی موجودگی عوامی شعور کا حصہ بن چکی ہے ایسے میں عالمی یوم خواتین پر جہاں دنیا بھر میں عورتوں کو درپیش مخصوص صنفی امتیاز کے خلاف ترقی پسند قوتیں بر سر احتجاج ہیں وہیں بلوچستان میں عورتوں کو در پیش پدرشاہانہ صنفی جبر کے خلاف صنفی شعور بیدار ہونا اور اس کے خاتمے کیلئے عورتوں کا صدائے احتجاج بلند کرنا ایک فطری بات ہے۔ البتہ قومی، معاشی، سیاسی و سماجی جبر کی مختلف صورتوں کی بیک وقت شدت کے ساتھ موجودگی میں جبر کی کسی ایک صورت کے پیچھے باقی صورتوں کو رد کرنا نہ صرف عین ممکن ہے بلکہ مختلف سیاسی طبقہ ہائے فکر اس بات پر قائل بھی ہیں کہ سیاسی پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے جبر کی ایسی صورتوں کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے جو براہ راست سیاسی مفادات کے حصول میں کارآمد نہیں ہیں یا جنہیں وہ ثانوی نوعیت کے جبر کا درجہ دیتے ہیں۔

لیکن جبر تو بالآخر جبر ہی ہے چاہے اس کی صورت کچھ بھی ہو۔ ظاہر ہے جو جس قسم کے جبر کا براہ راست شکار ہوتا ہے یا ہوتی ہے اس کیلئے یقینآ وہی اولیت رکھتی ہے، جبکہ جبر کی باقی تمام صورتیں اس کے لیے شاید ثانوی ہوں۔ یہ تصور فرد کی حد تک تو قابل فہم بھی ہے اور قدرتی بھی خاص طور اس حالت میں جب ایک شخص جو خود پر ہونے والے جسمانی، ذہنی یا سماجی و سیاسی جبر کا شاید وسیع تناظر میں تجزیہ کرنےکی کسی نہ کسی وجہ سے صلاحیت نہ رکھتا ہو۔ لیکن، اگر یہی عمومی نکتہ نظر کسی سیاسی گروہ کے بیانیہ کا حصہ بن جائے تو وہ تشویش ناک بن جاتا ہے۔ بلوچ عورت پر ہونے والا صنفی جبر جس کا سامنا انہیں صرف اور صرف عورت ہونے کے وجہ سے ہوتا ہے جبر کی ان صورتوں میں سے ایک ہے جسے قومی جبر کی اولیت پر یقین رکھنے والے سیاسی حلقے ثانوی نوعیت کا جبر قرار دیکر ایک سنگین سماجی سوال پر اپنے موقف میں ابہام کو جواز فرائم کر تے ہیں۔

جیسا کہ مارکس اور اینگلز اپنے تحریر جرمن آئیڈیالوجی میں کہتے ہیں کہ سماج میں سیاسی ڈھانچے اور سیاسی خیالات مخصوص مادی حالات کی پیداوار ہوتے ہیں۔اگر ہم اس پچھلی بات سے اتفاق رکھتے ہیں تو اگلا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر وہ کون سے حالات ہیں جن سے ایسی قوتیں جنم لے رہی ہیں جو کسی ایک قتل ہونے والے کے لواحقین کو کہتے ہیں کہ آپ کے بین کی آواز اونچی نہ ہو، کیوں کے تم جس جبر کا شکار ہوئے ہو اس کی نوعیت ثانوی ہے، جبکہ تمھارے پڑوسی کا قتل ایک زیادہ اہم اور فوری نوعیت کے جبر کے سبب ہوئی ہے۔ کسی مخصوص جبر کے خلاف امتیازی رد عمل جہاں مختلف سیاسی طبقہ ہاے فکر کے درمیان غیر ضروری مقابلہ بازی کو خوراک فراہم کرتا ہے، وہیں یہ سماج میں ہونے والے جبر کی کثیر الجہتی کردار کو نظر انداز کر دینے والے رویوں کا سبب بنتا ہے جس سے ایک طرف جبر کو اس کی کلیت میں دیکھنا اور سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے، تو دوسری طرف وہ مختلف النوع محکوموں کے آپسی اتحاد کو مشکل بنا دیتی ہیں۔ جس سے وہ گروہوں میں بٹے رہتے ہیں اور نتیجہ خیز صف بندیاں تشکیل دینا مشکل تر ہوتا جاتا ہے۔ نیز، اس۔ ’یکسوئی‘ کا ایک خطرناک پہلو یہ بھی ہےکہ اس طرح کے رجحانات انفرادی سیاسی رویوں اور سیاسی جماعتوں کے طرز عمل میں مطلق العنانیت کو جنم دینے کے بیج بھی اپنے اندر رکھتے ہیں ۔

زمینی حقائق کی اگر بات کی جائے تو بلوچستان میں خودکشیاں عام ہیں اور اپنے زندگیاں لینے والوں کی اکثریت نوجوانوں اور خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کی ہے جن کے مرنے کی خبر تو عام ہوتی ہے لیکن موت کن حالات میں ہوئی ہے وہ ایک گھٹن زدہ ماحول میں دب جاتی ہے۔ یہ ایک ایسے ماحول کی بات ہو رہی ہے جہاں کسی انسانی زندگی سے زیادہ کسی خاندان کا سماجی رتبہ اہم ہے۔ اور عام طور پر اس حقیقت کو ’عزت‘ اور ’رواج‘ کا غلاف چڑھایا جاتا ہے۔ چھوٹی عمر میں ہی شادی طے کی جاتی ہیں اور بلوغت کی علامات ظاہر ہونے کی دیر ہوتی ہے کہ لڑکیاں رخصت کر دی جاتی ہیں۔

جہاں شادیاں نہیں ہو پاتی ان گھروں میں ناچاقیوں کے قصے عام ہیں۔ مردوں کی سماجی بیٹھکوں سے دور جہاں عورتوں کی مخصوص بیٹھکیں لگتی ہیں وہاں سماجی کشیدگی سے پیدا ہونے والے ناگوار تجربات کی جو باتیں ہوتی ہیں ان کا مرد آپس میں ذکر کرنا بھی معیوب سمجتے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ گھریلو ناچاقیوں کی باتیں کسی حقیقی صورتحال کے اظہار کے بجائے عورتوں کی لگائ بجھائ ہیں اور مرد اپنے بیٹھکوں میں عموما بازار کی باتوں اور لڑائی جھگڑوں کے قصوں سے آگے نہیں جاتے اور اگر کبھی عورت کا ذکر کر بھی لیں تو گفتگو ’حسن کی تعریفوں‘ [ اگر وہ گفتگو شایستہ زبان میں ہو رہی ہو!] یا پھر عورت مخالف صنفی تعصبات تک ہی محدود ہوتی ہے۔ کسی لڑکی کی مرضی کے بنا رشتہ یا شادی کو اکثریت اب تک مسئلہ ہی نہیں سمجھتے جبکہ نوجوان لڑکیوں کی اکثریت گھر کے کاموں میں اس قدر الجھی ہوئی ہوتی ہیں کہ ان کیلئے مخصوص دائروں سے باہر سماجی و سیاسی تجربات نہ ممکن ہو جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ، چھوٹے شہر جہاں پر آبادیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں ان کے اندر لڑکیوں کے باہر نکل کر کسی سرگرمی کا حصہ بننے کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں، سچ یہ ہے کہ گھر سے باہر کا ماحول ایک عام نوجوان لڑکی کے لیے ہراساں کر دینے والا ہے۔

ان اسباب کے باوجود اگر کسی لڑکی کو اپنے ارد گرد تنگ دائروں کی موجودگی کا شعور آجائے اور وہ اس گھٹن سے نکلنے کیلئے پڑھنے، ملازمت کرنے یا خود سے مختلف کسی خاندان، نسل اور معاشی حیثیت کے لڑکے سے شادی کی خواہش کر بیٹھیں تو وہاں کا مظلوم مرد بھی اکثر سماجی بندھنوں میں قید ہو کر خود سے، اپنے اولاد سے بیگانہ ہو کر سماجی جبر کی ناگزیریت پر خاموش ہو جاتے ہیں یا پھر اپنی سماجی حیثیت برقرار رکھنے کیلئے اپنے ہی اولاد کے خلاف جارحیت پر اتر آتے ہیں۔ کافی حد تک یہ صورتحال نو آبادیاتی اثرات کی وجہ سے بھی ہے جس کے سبب بلوچستان میں ابھی تک وہ انفراسٹرکچر یا ڈھانچہ قائم نہیں ہو سکا جس سے سماجی رویے ترقی کرتے۔

یہ عین ممکن ہے ہم میں سے بہت سی عورتیں اور مرد سماج کے اس حصے سے تعلق رکھتے ہوں جہاں مخصوص حالات میں ہمارے والدین نے اپنی جوانی میں ہی سماجی جبر کا سامنا کیا ہو اور کسی نہ کسی طریقے سے اس جبر کو پار کر کےخاندان اور آس پاس کے لوگوں کی مخالفت کے باوجود اپنے اولاد کو ایک نسبتاً آزاد ماحول فراہم کرنے میں کامیاب ہوئے ہوں۔ لیکن ابھی تک بلوچستان میں یہ حقیقت انفرادی تجربات سے نکل کر ایک مجموعی سماجی حقیقت نہیں بن پائی ہے جس کے سبب سماجی و معاشی آزادی کا تجربہ عورت کی اکثریت کیلئے ایک سہانے خواب کے سوا کچھ نہیں جس کی حصول کیلئے انہیں اپنے خاندانی رشتے، والدین کی محبت اور یہاں تک کہ زندگیاں بھی قربان کرنا پڑ سکتی ہیں۔ آزادی کی انفرادی احساس کو ہم اجتماعی جبر کی اس صورت کی حقیقت کو رد کرنے کیلئے بطور جواز استعمال نہیں کر سکتے جس سے لوگوں کی زندگیاں وابستہ ہیں جس کی بنیاد پر ان کی مستقبل کا تعین کیا جاتا ہے اور ایسے رشتے بنتے ہیں جنہیں ختم کرنے کی نسبت نوجوان لڑکیاں اپنی زندگیوں کو ختم کرنا زیادہ آسان سمجھتی ہیں۔

سیاسی جبر کا شکار ایک بلوچ مرد لاپتہ ہوتا ہے، تشدد برداشت کرتا ہے اور قتل ہوجاتا ہے یا پھر کسی لاپتہ یا مقتول کے والد یا عزیز کی شکل میں زندگی بھر ازیتیں سہتا ہے۔ ایک جیسے سیاسی جبر کا شکار بلوچ عورت اگرچہ عموما لاپتہ نہیں ہوتا یا ایک جیسے وجوہات کی بنا پر جسمانی تشدد نہیں سہتا اور قتل نہیں ہوتا لیکن ان کے حصے میں جتنی ازیتیں آتی ہیں ان کے گھر کے مردوں کے حصے میں بھی اتنی ہی ازیتیں آتی ہیں ۔سیاسی جبر کے خلاف کھڑے ہونے والے کسی مرد کی نسبت کسی عورت کی جد و جہد کی اہمیت کا جب ہم اقرار کرتے ہیں تو ہم اس حقیقت کو تسلیم کر رہے ہوتے ہیں کہ یہ مخصوص سیاسی کردار رائج الوقت سماجی قوائد سے مطابقت نہیں رکھتا اس وجہ سے وہ اہم ہے۔ سیاسی جبر کی ازیتوں میں برابر کی شریک عورت کی سماجی جبر میں تنہائی وہ حقیقت ہے جو بلوچ عورت کو فطری طور پر مردوں کی بالادستی میں قائم ان روایتوں سے باغی بناتی ہے جو سماج کو مجموری طور پر گھٹن زدہ بناتے ہیں۔

مارکسی ماہر تعلیم پاؤلو فریرے اپنے کتاب تعلیم اور مظلوم عوام میں کہتے ہیں کہ بالادستی کے ڈھانچے میں جہاں انسانوں کے درمیان معاشی، سماجی و سیاسی رشتے انسانوں کی انفرادی آزادی اور برابری کے بجائے ایک فرد کے ہاتھوں دوسرے فرد کے استحصال پر مبنی ہو وہاں استحصال زدہ فرد یا طبقے کا تاریخی فریضہ بن جاتا ہے کہ وہ نہ صرف خود کو اس استحصال کے نظام سے آزاد کرے بلکہ اس استحصال کر برقرار رکھنے والے ڈھانچے کو ختم کر کے وہ استحصال کرنے والے فرد یا طبقے کو بھی اس کے اپنے جبر سے آزادی دلائے۔ اگر ہم اس بات سے اتفاق رکھتے ہیں کہ بلوچ مرد اور عورت سماجی و سیاسی جبر کا یکساں شکار ہیں تو ہم اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کر سکتے کہ بلوچ مرد اور عورت کو اس جبر کے خلاف جد و جہد بھی یکساں بنیادوں پر کرنا ہوگا جبکہ عورتوں کو درپیش امتیازی صنفی جبر جس کا بلوچ مرد کو سامنا نہیں ہے اس کا خاتمہ عورتوں کی قیادت میں عورتوں کی ہی جد و جہد سے ممکن ہے ۔ یہ بلوچ عورت پر ایک اضافی جبر ہے جس کی حقیقت کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

معاشی اور سیاسی جبر کے برعکس سماجی جبر کا سامنا بلوچ عورت کے علاوہ نچلے طبقات کے ان مردوں کو بھی کرنا پڑتا ہے جنہیں سماج پر بالادست مراعات یافتہ طبقے کی جانب سے نسلی طور پر کم تر قرار دیا جاتا ہے۔ لیکن نچلے طبقات کے مردوں کے برعکس جن کیلئے سماجی حیثیت سے محرومی ایک طبقاتی مسئلہ ہے عورت کیلئے سماجی جبر ایک طبقاتی مسئلہ ہونے کے ساتھ صنفی مسئلہ بھی ہے جہاں معاشی حیثیت کے علاوہ خاص طور پر عورت ہونے کی وجہ سے ان کیلئے سماجی دائرہ محدود ہوجاتا ہے۔ نچلے طبقات کے برعکس بلوچ مردوں کی اکثریت معاشی اور سیاسی جبر کے باوجود صنفی جبر سے نہ صرف آزاد ہے بلکہ اپنے روز مرہ میں پدرشاہانہ رویوں کی شکل میں اس جبر کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

بلوچ عورتوں میں صنفی شعور اور تنظیم کاری جبر کی مختلف شکلوں کے خاتمے کی نوید ہے جبکہ صنفی امتیاز کے خاتمے کی جد وجہد سے انکار در حقیقت عورت کے مجموعی سیاسی کردار سے انکار ہے جو صنفی جبر کے ساتھ ساتھ جبر کی دوسری تمام شکلوں کے خلاف جد و جہد میں بھی عورت کے کردار کو محدود کر دیتی ہے۔ ایسے سماجی ڈھانچے جو صنفی، نسلی اور معاشی بنیادوں پر استحصال کے شکار عوام کی سیاسی قوت کے اظہار کو ناممکن بناتے ہیں ان کے خاتمے کے بغیر ایک بہتر سماج کا تصور نا ممکن ہے۔ بلوچ عورت کو درپیش یکساں معاشی و سیاسی جبر کے علاوہ صنفی بنیادوں پر سماجی جبر سے انکار اشرافیہ اور متوسط طبقے کے اس حصے کیلئے ہی قابل قبول ہوسکتا ہے جن کی سیاسی بقا عوامی قوت کے استحصال پر مبنی ہو نہ کہ ان ترقی پسند سیاسی طبقات کیلئے جو آزادی کے اس مفہوم پر یقین رکھتے ہیں جس کی بنیاد سماج کے پسے ہوئے طبقات کی انفرادی معاشی، سیاسی و سماجی برابری پرہو۔

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out /  Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out /  Change )

Connecting to %s